بھارت کا جنگی جنون جاری‘ چار ہزار کلومیٹر تک مار کرنیوالے ایٹمی میزائل اگنی فور کا تجربہ
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کا جنگی جنون جاری ہے، بھارت نے گزشتہ روز ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل اگنی فور کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تجربہ ادھیشہ کے ساحل کے قریب عبدالکلام جزیرے پر کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ میزائل 4000 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔ اسی سیریز کے پرانے میزائل جیسے اگنی ون، اگنی ٹو اور اگنی تھری 700، 2000 اور 3000 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ رپورٹ میں بھارتی دفاعی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ میزائل کمپیوٹر سے لیس ہے اور دوران پرواز خود کی رہنمائی اور درست کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ میزائل 4000 ڈگری سینٹی گریڈ تک کے درجہ حرارت کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس کے اندر کا درجہ حرارت 50 ڈگری تک ہی رہتا ہے۔ اس سے قبل اس میزائل کا ایک ناکام تجربہ بھی کیا گیا جبکہ چار کامیاب تجربے کیے جاچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگنی فور اور اگنی فائیو چین کے خلاف ڈیٹرنس کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔
بھارت میزائل تجربہ