شہبازشریف نے ادائیگی مراکز میں کاشتکاروں کیلئے پانی اور چائے خود پی کر چیک کی
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے نارووال اور شیخوپورہ میں چھوٹے کاشتکاروں کو وزیراعظم کے کسان پیکیج کے تحت مالی امداد کی ادائیگی کے حوالے سے بنائے گئے مراکز کا بھی دورہ کیا اور ان مراکز میں کاشتکاروںکیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مراکز میں کاشتکاروںکیلئے پانی خود پی کر چیک کیا جبکہ وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کو دی جانے والی چائے بھی خود پی اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ چائے کو مزید بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ادائیگی مراکز تک کا سفر مقامی ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران کے ساتھ عام وین میں بیٹھ کر کیا۔ وزیراعلیٰ کاشتکاروں میں گھل مل گئے۔ شہبازشریف نارووال اور شیخوپورہ میں چھوٹے کاشتکاروں کو کسان پیکیج کے تحت مالی امداد کی ادائیگی کے سلسلے میں پنڈال میں پہنچے تو کاشتکاروں نے ان کا استقبال شیر آیا‘ شیر آیا کے فلک شگاف نعرے لگا کر کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں انتظامی افسران کو ہدایت کی کسان پیکیج کی تقسیم میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ کسی حقدار کی حق تلفی نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ زرعی پیکیج میں بدعنوانی کے مرتکب افسران کو گھر بھیج دیا جائے گا اور ان کی جگہ دیانتدار افسران کو تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ میں اپنی تقریر کا اختتام علامہ اقبالؒ کے ان اشعار پر کیا؎
تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں
تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے
نہیں یہ شان خودداری چمن سے توڑ کر تجھ کو
کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے