دہشت گردوں کی دھمکیاں‘ چودھری سرور نے سکیورٹی کیلئے وزیرداخلہ کو خط لکھ دیا
لاہور(خبر نگار) تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے دہشت گردوں کی دھمکیوں کے بعد سکیورٹی کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکو خط لکھ دیا۔ چوہدری سرور نے لائسنس شدہ اسلحہ بردار پرائیوٹ سکیورٹی گارڈ رکھنے کیلئے بھی حکومت سے اجازت نامہ مانگ لیا۔ وزیر اعظم میاں نوازشر یف‘ وزیر اعلی پنجاب‘ وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھی خط کی کاپی ارسال کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کی عدم فراہمی پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ذمہ دار(ن) لیگ اور انکی حکو مت کی ہوگی۔ چوہدری نثار کو خط میں کہا گیا ہے کہ مجھے اور میری فیملی کو دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہے اور پنجاب حکو مت اور پولیس بھی اس حوالے سے آگاہ ہے لیکن اسکے باوجود مجھے سکیورٹی فراہم کرنے کی بجائے پولیس نے میری سکیورٹی پر مامور پرائیوٹ سکیورٹی گارڈز جن کے پاس لائسنس شدہ اسلحہ ہے انکو بھی بلدیاتی انتخاب کے موقع پر31اکتوبر کو دفعہ 144کو جواز بنا کر گر فتار کر لیا اور لائسنس شدہ اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا اور اب ہمیں وہ اسلحہ واپس نہیں کیا جا رہا ‘ پولیس کو حکم دیا جائے کہ وہ ہمارا لائسنس شدہ اسلحہ آئین وقانون پر مکمل عمل کرتے ہوئے فوری واپس کرے۔