پشاور: داعش کیلئے نوجوانوں کو بھرتی کرنے والا دہشت گرد داداللہ گرفتار
پشاور + ڈیرہ اسماعیل خان + کوئٹہ (بیورورپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پشاور پولیس نے بین الاقوامی کالعدم تنظیم الدولت الاسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) کیلئے پاکستان سے کمسن لڑکوں اور نوجوانوں کو بھرتی کرنے والے خطرناک دہشت گرد داد اللہ کو فائرنگ تبادلہ کے بعد اسلحہ وبارود سمیت گرفتار کرلیا گرفتار ہونے والے دہشت گرد کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ دہشت گرد کے قبضہ سے دو دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ بتایا گیا ہے فائرنگ کا تبادلہ بڈھ بیر کے علاقے میں ہوا۔ علاوہ ازیں سپیشل پولیس یونٹ بنوں نے دہشت گرد نور سعید کو گرفتار کرلیا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل شاہ زیب ڈی ایف سی تھانہ منڈان بنوں کو ڈیوٹی کے دوران دہشت گردوں کمال عرف کمالے سکنہ ہنجل اور نور سعید عرف لعل گلاب نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کو اطلاع موصول ہوئی کہ دہشت گرد نور سعید کراچی فرار ہونے والا ہے جس پر سی ٹی ڈی بنوں نے منڈان گیٹ کے نزدیک ناکہ بندی کرکے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد نور سعید کو گرفتار کرلیا‘ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر تحصیل کلاچی کے علاقوں روڑی،کوٹ کنڈیان، باچہ آباد اور لونی میں ڈیرہ پولیس نے ڈی پی او صادق حسین بلوچ کی قیادت میں دہشت گردوںکیخلاف سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے چار سہولت کار گرفتار کر لئے، مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزم بھی دھرلئے گئے‘ ملزموں سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ادھر پشین کے قریب لیویز نے کارروائی کرکے ایک گاڑی سے خودکش جیکٹ برآمد کرلی۔ ڈی سی عبدالواحد نے کہا ہے کہ گاڑی سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ جیکٹ کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔