• news

موسموں کی شدت بڑھنے لگی، موسمی تغیرات کے اثرات پاکستان میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے

پشاور (اے پی پی) عالمی موسمی تغیرات کے اثرات پاکستان میں ظاہر ہونا شروع ہورہے ہیں ۔ موسموں میں شدت بڑھ رہی ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ سے جہاں لوگوں کی صحت متاثر ہورہی ہے وہاں موسمی تغیر سے عالمی سطح پر پانی و خوراک اور سیلاب کا خطرہ بڑھتا جارہاہے ۔ عالمی حدت میں اضافہ سے پاکستان میں بھی پودوں اور جانوروں کی نسلیں ختم ہورہی ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بتایا کہ محکمہ موسمیات پاکستان میں عالم معیار کے مطابق موسم کی پیشن گوئی کرنے کا نظام موجود ہے ۔ موسمیاتی سیاروں کے ذریعے موسمی تبدیلیوں سے متعلق تمام اعداد و شمار جمع کیے جاتے ہیں ۔ ماہرین نے کہا کہ عالمی موسمی تغیرات کے اثرات پاکستان میں بھی ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں جن میں موسموں کا غیر معمولی رہنا ، خشک سالی ، غیر معمولی بارشیں اور برفباری کے معمول اور شدت میںتبدیلی شامل ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ موسم شدید تر ہورہے ہیں گرمیوں میں گرم ترین اور سردیوں میں موسم سرد ترین ہورہاہے ۔ انہو ںنے کہا کہ صوبہ سرحد کے علاقہ سوات کے مقام کالام اور مالم جبہ میںگزشتہ سال موسم سرما کے دوران ریکارڈ سردی پڑی اور درجہ حرارت منفی 17 ڈگری تک ریکارڈ کیاگیا جبکہ موسم گرما میں ڈیرہ اسماعیل خان سمیت جنوبی اضلاع میں شدید ترین گرمی ریکارڈ کی گی ۔ ماہرین نفسیات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات انسانوں اور جانوروں کے مزاج پر بھی مرتب ہورہے ہیں ان میں قوت برداشت میں کمی اور غصیلے پن میں اضافہ ہورہاہے ۔ انسانوں میں چڑچڑا پن بڑھ رہاہے جس سے انسانی تعلقات متاثر ہورہے ہیں ۔ جانوروں کی نسلیں بھی ختم ہو رہی ہیں۔ پودوں کی وہ اقسام اب ختم ہو رہی ہیں جو زیادہ گرمی برداشت نہیں کر سکتی۔ دنیا بھر کے سائنسدانوں نے خدشات ظاہر کیے ہیں کہ عالم حدت میں مسلسل اضافے سے آنیو الی دہائیوں میںکروڑوں افراد کی زندگیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن