• news

عوام کو پی ٹی آئی کی غیرسنجیدہ سیاست کا سامنا ہے: فضل الرحمن

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + ایجنسیاں) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف منفی سیاست کر رہی ہے۔ وہ پاکستانی سیاست نہیں کر رہی‘ عوام کو انکی غیرسنجیدہ سیاست کا سامنا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’دھاندلی کا شور مچانا کسی طورپر درست نہیں‘‘ سردار ایاز صادق نے پہلے بھی ایوان کو اچھے طریقے سے چلایا ہے۔ آئندہ بھی اسی انداز سے چلائیں گے۔ سردار ایاز صادق سنجیدہ سیاستدان ہیں۔ انہوں نے بطور سپیکر پہلے بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور ایوان کو اچھے انداز میں چلایا۔ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا دھاندلی کا شور مچانا کسی صورت درست نہیں۔ پی ٹی آئی کی سیاست میں کہیں سے بھی پاکستانی سیاست نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو نئے انداز سے اجاگر کرنا ہوگا۔ کشمیر کمیٹی کو فعال اور مضبوط بنانا ہوگا۔ پارلیمنٹ کو کشمیر مسئلے کو حل کرنے میںاپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دھاندلی والا جھنجھٹ اب ختم ہونا چاہئے۔ پی ٹی آئی جہاں جیت جائے‘ وہاں بہت اچھا الیکشن اور جہاں ہار جائے وہاں دھاندلی کا واویلا کرتی ہے۔ ہم سب بحیثیت قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس مقصد کیلئے پوری دنیا میں کشمیریوں کا وکیل رہا ہوں۔ کمیٹی نے تجاویز مرتب کرکے حکومت کے حوالے کر دی ہیں۔ کشمیر کو موجودہ وزیراعظم اور سابقہ وزیراعظم نے بین الاقوامی سطح پر اٹھایا۔

ای پیپر-دی نیشن