زین قتل کیس: چیف جسٹس کے ازخود نوٹس کی سماعت کیلئے تین رکنی بنچ بنا دیا گیا
اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے لاہور میں قتل ہونے والے طالب علم زین رئوف کے مقدمہ میں مصطفی کانجو سمیت 5ملزمان کی انسداد دہشتگردی عدالت سے بریت کے حوالے سے لئے گئے ازخود نوٹس کی کھلی عدالت میں سماعت کے لئے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا ،جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں جسٹس منظور احمدملک اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل تین رکنی بینچ مقدمہ کی سماعت آج منگل کوکریگا ۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کیلئے ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی پنجاب کونوٹس جاری کردیئے ہیں۔یاد رہے کہ 30اکتوبرکو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قتل ہونے والے زین کے مقدمہ میں مصطفی کانجو سمیت 5ملزمان کی انسداد دہشتگردی عدالت سے بریت کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے عدالت سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرلیا تھا ۔چیف جسٹس نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے ریکارڈ سربمہر لفافے میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا ازخود نوٹس ہے ۔