فیصل آباد: بزرگ چوکیدار کو تھپڑ مارنے والا ڈپٹی ڈائریکٹر انکوائری میں قصور وار قرار
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے بزرگ چوکیدار اشرف کو تھپڑ مارنے والے فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر رانا خالد حمید کو انکوائری میں قصور وار ٹھہراتے ہوئے انہیں ملازمت سے علیحدہ کرنے کی رپورٹ کی گئی ہے۔ چند روز قبل فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد حمید نے اپنی کار اپنے دفتر کی بجائے میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں زبردستی کھڑی کرنے کیلئے کارپوریشن دفتر داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران کارپوریشن کے چوکیدار اشرف نے ان کو گاڑی ٹیکسی سٹینڈ پر کھڑی کرنے کا کہا مگر خالد حمید نے اشرف کو گالیاں دیتے ہوئے زبردستی گیٹ کھلوا کر اشرف کو گاڑی کی ٹکر سے گرایا۔ بعدازاں گاڑی سے اتر کر بزرگ چوکیدار پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔ ڈی سی او فیصل آباد نے اس واقعہ کا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنور اعجاز کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا جنہوں نے اپنی رپورٹ میں تحریر کیا ہے کہ خالد حمید کا رویہ توہین آمیز اور دماغی توازن صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا۔