کئی وارداتیں، گلبرگ میں میں سکیورٹی گارڈ نے ساتھیوں سے ملکر بنک سے17 کروڑ رپے لوٹ لئے
لاہور/ شیخوپورہ/ فیروزوالہ (نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور میں کئی وارداتیں، گلبرگ کے علاقہ میں سکیورٹی گارڈ اور اس کے دو ساتھیوں نے بینک سے 17 کروڑ روپے لوٹ لئے۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ حسین چوک میں واقع بینک کے سکیورٹی گارڈ اصغر نے اپنے دو ساتھیوں سے ملکر بینک سے 17 کروڑ مالیت کی ملکیت اور غیرملکی کرنسی لوٹ لی۔ سندر کی حدود حسین آباد میں سابق ایم این اے چودھری ذوالفقار کے بھائی چودھری اقبال کے گھر دس ڈاکو گھس آئے اور 10 لاکھ مالیت کی نقدی، زیورات لوٹنے کے بعد یکے بعد دیگرے تین گھروں سے دس لاکھ سے زائد کی نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ نشتر کالونی سروبہ گائوں کے رہائشی کاشف کے گھر سے چار ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے 16 لاکھ کی نقدی زیورات لے گئے۔ شمالی چھائونی میں مزمل کی دکان سے دو ڈاکو دو لاکھ 80 ہزار، باغبانپورہ میں ارشد کی دکان سے 20 ہزار کی نقدی چھین لی گئی۔ مزنگ میں غیاث اور اسکی فیملی سے دو لاکھ 21 ہزار، قلعہ گجر سنگھ میں وسیم سے ایک لاکھ 43 ہزار، ستوکتلہ میں کامران سے 45 ہزار، گجر پورہ میں عثمان سے 40 ہزار اور شاہدرہٹائون میں رفاقت سے موٹر سائیکل اور 40 ہزار کی نقدی لوٹ لی گئی جبکہ ہیئر میں ریاض کے گھر سے چور 50 لاکھ کی نقدی اور زیورات لے گئے جبکہ مصری شاہ میں آصف، ساندہ میں زبیر، مسلم ٹائون میں نشاط، ٹائون شپ میں علی حیدر، چوہنگ میں ساجد، کاہنہ میں لطیف، فیصل ٹائون میں یاسر، کوٹ لکھپت میں شفقت کی موٹر سائیکلیں اور مغل پورہ میں ابرار، مزنگ میں سجاد، اقبال ٹائون میں سلیم، جوہر ٹائون میں عباس اور ڈیفنس اے میں حمید کی گاڑیاں چوری کر لی گئیں۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی اور فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شیخوپورہ لاہور روڈ پر واقع عثمان فلنگ سٹیشن کے ملازمین سے تین ڈاکوئوں نے ریسکیو 1122 کے آفس کے سامنے گن پوائنٹ پر 8لاکھ روپے کی نقدی چھین لی اور مزاحمت کرنے پر ملازمین پر تشدد کرکے فرار ہو گئے۔ اطلاع پولیس کو دی گئی مگر پولیس دو گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی۔ مذکورہ فلنگ سٹیشن کے دو ملازمین اپنی موٹر سائیکل پر آٹھ لاکھ کی نقدی لیکر مقامی بنک میں جمع کروانے جا رہے تھے جب وہ لاہور روڈ شادی ہال کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر 8 لاکھ روپے کیش لوٹ لئے۔ تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے شیخوپورہ میں پٹرول پمپ ڈکیتی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ اور ڈی پی او شیخوپورہ کو چوبیس گھنٹے کے اندر اندر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ کے دورہ شیخوپورہ کے دوران پٹرول پمپ ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کی اطلاع جب جنرل سیکرٹری پریس کلب حاجی سلطان حمید راہی نے وزیراعلیٰ کو دی تو انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔لاہور روڈ کی آبادی بدر (دوساکھو) میں ڈاکوئوں نے نجی کمپنی کے آفس میں عملے کو یرغمال بنا کر ساڑھے چھ لاکھ روپے کی رقم، لائسنسی پسٹل، موبائل لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے ہوائی فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ملک لطیف کی رپورٹ پر فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ دروج کر لیا ہے۔ رچنا ٹائون میں نامعلوم افراد نے کاشف اقبال کی گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری کر لی۔ چوری نے رحمت کے گھر کے تالے توڑ کر ہزاروں روپے مالیت کے زیورات، نقدی و دیگر سامان چور کر لیا۔