• news

3 شہریوں کے سر قلم : ایران کا سعودی عرب سے شدید احتجاج ناظم الامور طلب

جدہ (آن لائن + اے ایف پی) سعودی عرب میں منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں سزا یافتہ 3 ایرانی شہریوں کے سر قلم کرنے کے واقعہ پر ایران نے سعودی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جن ایرانی باشندوں کو سنائی گئی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیاہے انہوں نے سمندری راستے سے بہت بڑی مقدار میں حشیش سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے نشر کردہ ملکی وزارت داخلہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان تینوں ایرانی مجرموں کو یہ سزا ملک کے مشرقی بندرگاہی شہر دمام میں دی گئی، جہاں حسب روایت تلوار سے ان کے سر قلم کر دیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ان تین مجرموں کو دی گئی سزائے موت کے ساتھ سعودی عرب میں اب ایسے مقامی اور غیر ملکی مجرموں کی مجموعی تعداد 145 ہو گئی ہے، جنہیں اس سال یکم جنوری سے اب تک سزائے موت دی جا چکی ہے۔ ایرانی سفارتکار نے مطالبہ کیا سعودی عرب انٹرنیشنل کنونشنز کی پاسداری کرے۔

ای پیپر-دی نیشن