• news

حالت جنگ میں ہیں‘ اقتصادی راہداری پر عمل سے بھی مشکلات بڑھیں: مالک بلوچ

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ مری معاہدے پر ہمارا جو موقف تھا‘ اس پر ہم آج بھی قائم ہیں۔ گوادر میں تین بڑے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔گوادر میں پینے کے پانی کے منصوبے کیلئے وفاق نے تین ارب روپے رکھے ہیں۔ ناراض بلوچوں سے مذاکرات کے سلسلے میں آئندہ ماہ تک پیشرفت کا امکان ہے۔ حالیہ دہشت گردی کے بعد نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جا رہا ہے۔ پولیس کو گشت بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ دہشت گردی کے تازہ واقعات کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ عوام کو تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اغوا برائے تاوان کی روک تھام پر بھی کام ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی میں خطاب میں عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہم ایک کنفلیکٹ زون میں ہیں جہاں امن و امان کے حوالے سے واقعات ہوتے ہیں تاہم امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے اور صورتحال پر مکمل قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چینی سفیر کے دورہ ٔکوئٹہ کے دوران کوئی معاہدے نہیں ہوئے۔ امن و امان انتہائی اہم مسئلہ ہے۔ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں اور مشکل وقت میں مشکلات بڑھتی ہیں‘ اقتصادی راہداری پر عمل سے بھی مشکلات میں اضافہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن