وزیراعلیٰ سندھ وفاق سے لئے ہوئے 420 ارب روپے کا حساب دیں: فاروق ستار
اسلام آباد (آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ وفاق سے لئے ہوئے 420 ارب روپے کا حساب دیں کہ اتنی بڑی رقم کہاں خرچ ہوئی‘ صوبے اپنی ناکامی کا ملبہ وفاق پر نہ ڈالیں‘ صوبوں کی ناکامی کا ذمہ دار وفاق نہیں بلکہ صوبوں میں اختیارات کی جنگ ہے‘ سپیکر کے انتخاب میں ایاز صادق کی حمایت کو شکوے ختم ہونے سے تعبیر نہ کیا جائے‘ ایم کیو ایم کے تحفظات بدستور موجود ہیں‘ تحفظات پر حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جمہوری عمل کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سپیکر کا انتخاب پارلیمانی بقاء کیلئے اہم ہے سردار ایاز صادق پہلے سے زیادہ وسعت قلبی کا مظاہرہ کریں گے۔ دو سال انہوں نے ایوان کی کارکردگی کو بہتر انداز سے چلایا وہ ایک آزمائش سے گزر کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ مزید وسعت قلبی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہمارے تحفظات کے حل کے لئے حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے صوبوں اور وفاق کے درممیان تنازعات چلتے رہیں گے ۔