فوج نے قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا‘ گڈ گورننس کیلئے وقت درکار ہے: خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں بے شمار کامیابیاں ملی ہیں، دنیا کی کوئی بھی فوج اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کرسکی، افغانستان میں اتحادی فوج جو حاصل نہ کرسکی وہ ہم نے ڈیڑھ سال می حاصل کیا۔ فاٹا کے مستقبل کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں، ہم نے نئے باب کا آغاز کیا ہے، ہم اپنی قوم اور شہیدوں کے خون کو جوابدہ ہیں۔ ہماری فوج نے دنیا میں ساری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے، گڈ گورننس کیلئے وقت درکار ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوجیوں سول سوسائٹی کے لوگوں نے جانیں قربان کیں۔ آئی این پی کے مطابق خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قومی ایشوزپر سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے ، حکومت اپنی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو جوابدہ ہے ، 2018ء میں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں نئے باب کا آغاز کردیا، اس وقت ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہے جبکہ دیگر مسائل کو حل کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔