آپریشن کے دیرپا نتائج کیلئے بہتر گورننس ضروری ہے: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے آپریشن کے اچھے نتائج کو دیرپا بنانے کیلئے اتنی ہی بہتر گورننس کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس گزشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ جنرل راحیل شریف نے صدارت کی۔ شرکاء نے ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیل سے غور کیا۔ آرمی چیف اور شرکاء کی طرف سے انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشن کے عمدہ نتائج اور کامیابیوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے اس آپریشن کی حمایت کر رہی ہے تاہم انہوں نے اس آپریشن کے اچھے نتائج کو طویل المیعاد کامیابی سے ہمکنار کرنے اور ملک کے اندر دیرپا اور پائیدار امن کے قیام کیلئے مکمل اور اتنی ہی اچھی گورننس کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی، متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور متاثرین کی بحالی کی ہدایت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے جنرل راحیل کے آئندہ دورہ امریکہ پر بھی غور کیا جہاں وہ علاقائی امور کے بارے میں پاکستان کے مؤقف اور نکتہ نظر کو وضاحت سے اُجاگر کریں گے۔ شرکاء کانفرنس کے غور و خوض کے نتیجہ میں فاٹا ریفارمز، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جیسے معاملات مشترکہ تحقیقات کرنے والی ٹیموں ’’جے آئی ٹیز‘‘ کے چھان بین کی ترجیحی بنیادوں پر جلد تکمیل ایسے ایشوز کے طور پر سامنے آئے جن کے نتیجہ میں آپریشن کے نتائج پر غلط اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف انٹیلی جنس معلومات پر کی جانے والی کارروائیوں پر اظہار اطمینان کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ مکمل امن کے لئے طویل المدت اقدامات کرنا ہوں گے۔ آرمی چیف نے کہاکہ آپریشن کے باعث عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی جلد واپسی کا عمل تیز کیا جائے۔ جے آئی ٹیز کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ جے آئی ٹیز کی تحقیقات بروقت تکمیل نہ ہونے سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔ آرمی چیف نے اپنے رفقا کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔