شانگلہ: زلزلہ زدہ علاقے میں شدید سردی سے 5 ماہ کا بچہ جاں بحق
شانگلہ+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) زلزلے سے متاثرہ یونین کونسل رانیال شانگلہ میں شدید سردی سے 5 ماہ کا بچہ جاں بحق ہو گیا۔ شانگلہ اور گردونواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہورہی ہے۔ خیموں میں مقیم زلزلہ متاثرین شدید سردی سے بیمار ہونے لگے۔ علاوہ ازیں متاثرین زلزلہ کیلئے پاکستان نیوی کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 20 ٹن امدادی اشیا کی ایک اور کھیپ سوات پہنچادی گئی۔ سوات کے علاقوں سلام پور، غلیگے، کبل اور بحرین میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ لوئر دیر کے علاقے تالاش کے متاثرین زلزلہ میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ ریلیف ٹیمیں متاثرین زلزلہ میں 63 ٹن سے زائد امدادی اشیا تقسیم کر چکیں ہیں۔ علاوہ ازیں ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شانگلہ اور سوات کے زلزلہ زدگان کی خبر لیں بے گھر زلزلہ متاثرین کھلے آسمان تلے پڑے ہیں، شدید بارشوں نے حالات اور خراب کر دئیے، حکومت کی ایمرجنسی سپورٹ انتہائی سست اور ناکافی ہے۔ علاوہ ازیں آل پاکستان مسلم لیگ خیبر پی کے امدادی سامان کے 2ٹرک لواری ٹنل میں پھنس گئے۔ امدادی سامان چترال کے زلزلہ متاثرین میں تقسیم کیا جانا تھا۔ ترجمان آل پاکستان مسلم لیگ نے کہا ہے کہ ٹنل کھول کر ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے۔ امدادی سامان میں کمبل، خیمے، رضائیاں اور کھانے کا سامان شامل ہیں۔