انگلینڈ آسان ٹیم نہیں، قومی ٹیم کو کارکردگی دکھانا ہو گی : سابق وموجودہ کرکٹرز
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں جیت کے لیے تینوں شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہوگی، انگلش ٹیم آسان نہیں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ون ڈے میں کم بیک کر سکتی ہے۔ پاکستان ٹیم کا باولنگ اٹیک مضبوط ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان، ٹیسٹ کرکٹر صہیب مقصود اور فاسٹ باولر احسان عادل نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ انگلینڈ کی ٹیم کم بیک کر سکے گی۔ پاکستان ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گا۔ ٹیسٹ کرکٹر صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ون ڈے کی بڑی اچھی ٹیم ہے جبکہ پاکستان ٹیم بھی کافی اچھی ہو گئی ہے۔ اچھا مقابلہ ہوگا۔ فاسٹ باولر احسان عادل کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں متوازن ہیں تاہم پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز جیتنے کی وجہ سے حریف ٹیم پر سبقت حاصل ہے۔ پاکستانی باولرز نے جس طرح ٹیسٹ سیریز میں اچھی باولنگ کی تھی امید ہے کہ ون ڈے میں بھی ان کی کارکردگی کا تسلسل جاری رہے گا اور پاکستان ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔