قائداعظم ٹرافی گریڈ ون : لاہور بلیوز یو بی ایل کیخلاف مشکلات کا شکار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے کے دوسرے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور بلیوز کی ٹیم شدید مشکلات کی شکار ہو گئی۔ یو بی ایل کے 432 رنز کے جواب میں 36 کے سکور پر سات وکٹیں گنوا دیں ۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو یو بی ایل نے اپنی پہلی اننگز 176 رنز دو کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی۔ سعید بن ناصر اور عمیر خان کی سنچریوں کی بدولت پانچ وکٹوں پر 432 رنز کا مجموعہ حاصل کر کے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ سعید بن ناصر نے 128 اور عمیر خان 100 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جواب میں لاہور بلیوز ٹیم مشکلات کا شکار رہی احسان عادل اور رومان رئیس کی تباہ کن باولنگ کے سامنے 36 کے سکور پر اس کی سات وکٹیں گر گئیں۔ احسان عادل نے تین اور عدنان رئیس نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ لاہور کے ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز لاہور وائٹس کی ٹیم نے 6 وکٹوں پر 324 رنز بنا لیے۔ انس محمود نے 70، عثمان صلاح الدین نے 59 جبکہ مختار احمد نے 49، سمیع اسلم نے 46 اور ایم وحید نے 40 نمایاں رنز بنائے۔ واپڈا کی جانب سے ایم عرفان نے تین اور جنید خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔