• news

خرم دستگیر کی کولمبو میں سری لنکا کے وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) تجارت کے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سری لنکا وہ پہلا ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان نے آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا ہے۔ خرم دستگیر کولمبو پہنچنے کے بعد سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگے سے بات چیت کر رہے تھے۔ پاکستان کے وزیر تجارت نے سری لنکا کے وزیراعظم سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارک باد بھی دی۔ ملاقات میں سری لنکا کے وزیر تجارت اور سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) مسٹر شکیل حسین بھی موجود تھے۔ وزیر تجارت نے وزیراعظم سری لنکا سے بات چیت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کو مزید وسعت دی جائے گی۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ خدمات اور سرمایہ کاری کے شعبہ کو تجارتی تعلقات کا شعبہ بنا کر پاک سری لنکا تجارت کو وسیع اور گہرا کیا جا سکتا ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا باہمی تجارت کو روایتی شعبوں سے نکال کر نئے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سری لنکا کے سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے وزیراعظم سے درخواست کی پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے ویزا کی پابندیاں نرم کی جائیں۔ سری لنکا کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کی علاقائی اور بین الاقوامی اداروں میں بھرپور مدد کی ہے جن پر سری لنکا کے عوام اور حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن