ایشیائی ممالک کے محتسبوں کی کانفرنس اسی ماہ اسلام آباد میں ہو گی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ایشیائی ممالک کے محتسبوں کی کانفرنس 25 اور 26 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشیا کے سولہ ممالک اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ان ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان میں محتسب کانفرنس منعقد کرنے کی مخالفت کی تھی اور کئی ممالک کو اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر قائل کرتا رہا لیکن ایشیا کے اکثر ممالک نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی محتسب کانفرنس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ کانفرنس میں ایشیائی ممالک محتسب ادارہ کو مزید مؤثر بنانے پر غور کریں گے اور اپنے اپنے ملکوں میں محتسب کے ادارہ کے تجربات سے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔