اسلامی فنانس انڈسٹری مالیاتی استحکام کی پوری صلاحیت رکھتی ہے: آئی ایم ایف
کویت سٹی (اے ایف پی) آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لگارڈے نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی اسلامی فنانس انڈسٹری میں مالیاتی استحکام لانے کی پوری صلاحیت موجود ہے کیونکہ یہ ’’رسک شیئرنگ‘‘ ہے اور اس کی بنیاد اثاثوں پر مبنی ہے۔ کویت میں فنانس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی فنانس انڈسٹری پوری طرح سے ہمہ پہلو ہے۔ اسلامی بنک منافع کی شیئرنگ اور نقصان برداشت کرنے پر مبنی اکائونٹس پیش کرتے ہیں۔ اس میں نقصانات کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اسے اپنے کسٹمرز کی بنیاد وسیع کرنا ہوگی، پوری صلاحیتیں استعمال کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ اسے معیارات میں ہم آہنگی لانے اور ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اسلامی فنانس انڈسٹری میں اپنی انوالومنٹ بڑھائے گی۔ اس حوالے سے تجزیاتی مدد دی جائے گی۔