گوادر: خصوصی اقتصادی زون: 2300 ایکڑ اراضی چین کے حوالے‘ سب سے بڑا ائرپورٹ کی تعمیر کا معاہدہ
کوئٹہ (اے ایف پی+ بی بی سی) حکومت بلوچستان نے گوادر پورٹ پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے 923 میں سے 280 ہیکٹئرز (2300 ایکڑ) اراضی 43 سالہ لیز پر چین کے حوالے کردی ہے۔ یہ 46 ارب ڈالرکے منصوبے کا حصہ ہے جس سے چین کو مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ تک رسائی مل جائے گی۔ اس علاقے کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ سینئر سرکاری اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ باقی اراضی جلد پبلک چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے ساتھ معاہدے کے بعد پیش کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق گوادر پورٹ تک رسائی ملنے سے ہزاروں کلومیٹر کا فاصلہ کم ہوجائے گا اور چین کے لئے افریقہ، مشرق وسطیٰ سے گیس کی درآمدات میں آسانی ہوگی۔ بی بی سی کے مطابق گوادر میں پاکستانی اور چینی حکام نے گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان محمد بلیدی کے مطابق گوادر ایئرپورٹ پر چار ہزار سے زائد ایکڑ پر محیط ہوگا۔ 30ماہ کے دوران تعمیر ہونے والا یہ ایئرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا۔ اس حوالے سے گوادر میں جو تقریبات ہوئیں ان میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وفاقی وزیر احسن اقبال اور چائنا پلاننگ کمیشن کے نائب صدر وان جن کائو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیر وفد نے گوادر میں پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبوں پرکام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے 2282 ایکڑ زمین مختلف اداروں، نجی شعبے سے خریدی ہے۔ گوادر ایئرپورٹ پر بننے والی تنصیبات کوعالمی سطح کے معیار کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے۔ فری زون ملک میں سرمای کاری لانے کا باعث بنے گا۔