کور کمانڈرز کانفرنس کے تحفظات حکومت کیساتھ اختلافات کی نشاندہی نہیں کرتے
اسلام آباد (نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) دہشت گردی پر قابو پانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر کور کمانڈرز کانفرنس میں جن تحفظات کا اظہار کیا گیا وہ اس بات کی نشاندہی نہیں کرتے کہ حکومت اور فوج کے درمیان بڑے اختلافات ہیں البتہ حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان ان امور پر پہلے ہی بات چیت ہوتی رہی ہے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ وزیراعظم نوازشریف سے ملاقاتوں کے دوران معاملہ اٹھا چکے ہیں۔کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ کے ذریعے پیغام رسانی ہوتی ہے اس کا حکومت کو اسی انداز میں جواب دینا پڑا۔بند کمروں میں ہونے والی باتوں کا عوامی سطح پر تذکرہ سیاسی و عوامی حلقوں میں تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ جس کا ذکر پارلیمنٹ میں بھی آیا۔ وزیراعظم نے تمام وزراء کو کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ پر تبصرہ کرنے سے روکدیا ہے۔ عسکری قیادت کو بعض صوبوں میں دہشت گردوں کے خلاف عدالتی کارروائی کے سلسلے میں اقدامات میں عدم دلچسپی پر بھی تشویش ہے۔