• news

مارشل لا کا کوئی خطرہ نہیں: ممنون حسین

اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے عمران کو ایوان صدر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان میں ثالثی کے لیے تیار ہوں، نواز شریف میرے پاس آتے رہتے ہیں عمران تو کبھی آئے ہی نہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ملک میں مارشل لاء کا کوئی خطرہ نہیں ہے، ملکی سیاسی اور عسکری قیادت کے تعلقات بہترین ہیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان جتنے تعلقات آج بہتر ہیں ماضی میں کبھی بھی اتنے بہتر نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے تعلیم، صحت اور میٹروبس ضروری ہے صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بدعنوانی کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا ہے۔ 1965ء کی جنگ کی 50ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں صدر ممنون نے نوجوانوں کو مادر وطن کی سالمیت کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ چھوڑنے اور ہر طرح کی قربانی دینے بھی دریغ نہ کرنے والے قومی ہیروز کی زندگیوں اور قربانیوں کی مثالوں سے سیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ضرب عضب کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور اس امر کو اُجاگر کیا کہ اس کی کامیابیوںکے پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ 2013ء سے موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد امن و امان کی صورت حال میں واضح فرق نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری کا ذکر کیا جس سے نہ صرف پاکستان کے سماجی و معاشی حالات میں نمایاں تبدیلی آئے گی بلکہ پورے خطے پر بھی دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ بدعنوانی ہمارے اداروں کا گھمبیر مسئلہ بن چکی ہے۔ چینی وفد سے گفتگو میں صدر نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا میں مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ جسے دونوں ملکوں کے اعوام اور اداروں کی مکمل تائید حاصل ہے۔ صدر نے پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے سلسلے میں جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ چین کے مختلف ادارے، وزارتیں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت کئی مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے انہیں مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں ممنون حسین نے پارلیمان کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی سے ہی عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔ صدر نے ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن