• news

ہائیکورٹ نے خواجہ حسان کی نااہلی کیلئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے متوقع مئیر لاہور اور لیگی رہنما خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست غیرموثر اور ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی۔ جسٹس شاہد کریم نے گزشتہ روز کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار عزیز مسعود متعلقہ یونین کونسل کا ووٹر بھی نہیں۔ عدالت نے الیکشن کمشن کی اس دلیل سے بھی اتفاق کیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں۔ درخواست گذار کے وکیل نے دلائل میں بتایا کہ خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107سے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ہونے کی حیثیت سے عوامی عہدے کے اہل نہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گذار متاثرہ فریق نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن