افغانستان کیساتھ تعمیری تعلقات چاہتے ہیں: طارق فاطمی‘ پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+این این آئی+ اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کی قائم مقام خصوصی نمائندہ لاریل ملر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وزیراعظم نواز شریف کی پرامن ہمسائیگی اور خطے میں دیگر ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکی خصوصی نمائندہ کو بتایا کہ پاکستان افغانستان کے سا تھ تعمیری اور اعتماد پر مبنی ریلیشن شپ قائم کرنے کا خواہاں ہے۔ طارق فاطمی نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے امن اور استحکام کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے افغانیوں کی قیادت میں ہونیوالے مفاہمتی عمل کے سلسلہ میں پاکستان کے کردار اور تعاون کوبھی اجاگر کیا۔ انہوں نے تمام دہشت گردگروپوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے دوران ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ امریکی قائم مقام خصوصی نمائندہ نے پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے افغانستان میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ اور علاقائی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعمیری مثبت اور اعتماد پر مبنی تعلقات کا متمنی ہے۔علاوہ ازیں کیوبا کے سبکدوش ہونے والے سفیر جیسس زینن برگو نے بھی بدھ کو یہاں دفتر خارجہ میں طارق فاطمی سے الوداعی ملاقات کی۔