پاکستان آ کر لو میرج کرنیوالی بھارتی لڑکی کے اہلخانہ کو انتہا پسند ہندوئوں کی دھمکیاں
گجرات (آئی این پی) پسند کی شادی کرنے کیلئے پاکستان آنے والی بھارتی لڑکی امیرالنساء کے گھر والوں کو بھارتی میڈیا اور انتہاپسند ہندو تنظیموں کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنا شروع ہو گئیں۔امیر النساء نے وزیر اعظم نواز شریف سے مدد کی اپیل کردی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا اور انتہاپسند ہندو تنظیموں کی پاکستان دشمنی اپنے عروج کو پہنچ گئی۔محبت کی شادی کیلئے پاکستان آنے والی امیر النساء کے گھر والوں کو ہراساں کرنا شروع کردیا، امیرالنساء کا کہنا ہے کہ جب سے پاکستان کے ٹی وی چینلز پر شادی کی خبر نشر ہوئی ہے اس روز سے انہیں مسلسل دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔اسکا کہنا تھا کہ اس نے پاکستانی کی محبت میں اپنا گھربار سب کچھ چھوڑ دیا اب اگر ویزہ نہ ملنے کے باعث وہ انڈیا واپس جاتی ہے تو شاید کبھی بھی واپس پاکستان نہ آ سکے۔امیر النساء نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے اپیل کی کہ اس کی مدد کی جائے۔ امیر النساء کے خاوند اعجاز علی کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستان کا نام لینا جرم ہے مگر اس کی بیوی امیرالنساء اس سے شادی کرنے پاکستان آ گئی اب یہ پاکستان کی عزت ہے۔ اگر امیر النساء واپس بھارت گئی تو بھارتی انتہا پسند تنظیمیں اسے قتل کر دیں گی۔