پاکستان بھی ناکارہ‘ ٹارگٹ پر فائرنگ کی صلاحیت والے روبوٹ میدان میں لے آیا
گوجرانوالہ(صباح نیوز)اب پاکستان میں بھی دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ٹیلن فور روبوٹ استعمال کیے جائیں گے۔ ٹیلن فور نہ صرف بم کو ناکارہ بنا سکتا ہے بلکہ ٹارگٹ پر فائرنگ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اب ٹیلن فورروبوٹ کا استعمال کیا جائے گا، جدید امریکی ٹیکنالوجی سے لیس یہ روبوٹ اتحادی افواج افغانستان میں طالبان کیخلاف کارروائیوں میں کامیابی سے استعمال کر چکی ہیں۔امریکہ کی طرف سے ملنے والے ٹیلن فور روبوٹ اب پاکستان میں بھی قانون نافذ کرنیو الے اداروں کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ٹیلن فور کو آپریٹ کرنے والے اہلکاروں کی تر بیت مکمل ہونے کے بعد یہ روبوٹ اب دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ ٹیلن فور روبوٹ یا پیک بوٹ کی رینج 200میٹر ہے اور یہ 35پاونڈ تک وزنی بم کو نہ صرف اٹھا سکتا ہے بلکہ اسے ڈی فیوزبھی کر سکتا ہے۔ روبوٹ پر نصب کیمروں کی مدد سے ٹارگٹ کی جگہ کے نہ صرف مناظر کنٹرول بورڈ پر دیکھے جا سکتے ہیں بلکہ جدید مائیکروفون کی مدد سے وہاں موجود لوگوں سے بات چیت بھی کی جا سکتی ہے۔نائٹ آپریشن کے لیے اس پر ایل ای ڈی لائٹیں نصب ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیلن فور پر3 مختلف ساخت کی رائفلیں بھی لگائی جا سکتی ہیں، جن کی مدد سے ٹیلن فور ٹارگٹ پر فائرنگ کرنے کی بھی خوب صلاحیت رکھتا ہے۔