حالیہ زلزلہ سے سی سی پی او آفس کی تاریخی عمارت میں دراڑیں، تہہ خانہ خالی کرا لیا گیا
لاہور (نامہ نگار) حالیہ زلزلے کی وجہ سے سی سی پی او آفس لاہور کی تاریخی عمارت میں بھی درڑایں پڑ گئیں سی سی پی او نے سروے کیلئے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شارع فاطمہ جناح پر سی سی پی او آفس کی تاریخی عمارت میں حالیہ زلزلے کے بعد دراڑیں پڑ گئی ہیں سی سی پی او آفس کے تہہ خانے میں موجود دفاتر کو خالی کرا لیا گیا جبکہ عملے کو دیگر حصوں میں شفٹ کر دیا گیا ہے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی وجہ سے عمارت کے تہہ خانے کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا کہ وہ عمارت کا سروے کرکے رپورٹ پیش کریں رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بلڈنگ کی خستہ حالی اور تہہ خانے میں دراڑوں کے حوالے سے روزنامچے میں رپٹ بھی درج کر لی گئی ہے۔