• news

جرائم پر قابو پانے کیلئے زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے: نثار

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پولیس کو وفاقی دارالحکومت میں امن و امان اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے ’’زیرو ٹالرینس‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم کی روک تھام میں بہتری ہی کافی نہیں بلکہ اسلام آباد کو مکمل طور پر کرائم فری بنایا جائے جبکہ ٹریفک پولیس وفاقی دارالحکومت میں لین ڈسپلن، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنائے۔ انہوں نے یہ ہدایات بدھ کو وزارتِ داخلہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان و جرائم کی صورتحال، سیف سٹی پراجیکٹ اور یورپین یونین کے ساتھ ری ایڈمیشن معاہدے جیسے اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ امن و امان اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے زیرو ٹالیرینس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے اور اعلیٰ افسران روزانہ کی بنیاد پر جرائم کے واقعات کا جائزہ لیکر حکمت عملی ترتیب دیں اوراس کی رپورٹ پیش کریں۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ پولیس افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں ذمہ داریوں کا واضح تعین کریں تاکہ کسی بھی واقعے کی صورت میں ذمہ داران کا تعین اور جواب طلبی ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن