• news

مارشل لاء کا وقت گزر گیا‘ تمام ادارے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں: خورشید شاہ

کراچی (نوائے وقت نیوز+ این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے ہم جمہوریت کی طرف چل رہے ہیں وہ وقت گزر گیا جب مارشل لا لگتا تھا ڈکٹیٹر آتے تھے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا جمہوریت کا راستہ روکنے سے ہی ملک پیچھے رہ گیا۔ ترقی کے لیے جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے، پارلیمنٹ کی آزادی والے ملک ترقی یافتہ کہلاتے ہیں۔ نظام تسلسل کے ساتھ چلے گا تو گورننس میں بہتری آجائے گی، بہتر ہوتا آرمی چیف وزیراعظم سے ملاقات میں بات کرتے ، پریس ریلیز جاری ہونے سے بھارت کو بھی یہ پیغام گیا پاکستان میں سویلین اور عسکری قیادت ایک پیج پر نہیں۔ تمام ادارے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں ، نظام میں تسلسل ہوگا تو بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا عمران پاکستانی شہری ہیں وہ مٹھی جائیں یا چمبڑ جمالی ان کی مرضی ہے، ایاز صادق کے مقابلے میں سپیکر کا امیدوار اتار کر پی ٹی آئی نے ان کا انتخاب درست مان لیا۔ عمران خان کو ابھی سیاست میں مزید میچور ہونے کی ضرورت ہے، وہ خود بھی جیت جائیں گے اور پھر کہیں گے میں نہیں مانتا۔ انہوں نے کہ سندھ حکومت میں دم ہی نہیں کہ کچھ کرسکے۔ لوکل باڈیز الیکشن میں ہم خود اپنے آپ کو نہیں بچا سکے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق انہوں نے عمران خان کو سیاست میں نابالغ قرار دیتے ہوئے کہا ایاز صادق کے مقابلے میں سپیکر کا امیدوار اتار کر پی ٹی آئی نے ان کا انتخاب درست مان لیا۔

ای پیپر-دی نیشن