ایم کیو ایم نے عمران خان کی نااہلی کیلئے دائردرخواست واپس لے لی
اسلام آباد(آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست واپس لے لی ۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے رہنما و رکن قومی اسمبلی کنور نوید نے الیکشن کمشن میں عمران خان کی نا اہلی کے لئے درخواست دائر کررکھی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی فیملی ممبر اور اثاثے چھپائے ہیں لہذا وہ آئین کے آرٹیکل62 پر پورا نہیں اترتے انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز الیکشن کمشن میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی صدارت میں کیس کی چوتھی سماعت ہوئی جس میں ایم کیو ایم کے وکیل ایس اے اقبال قادری پیش ہوئے اور انہوں نے عمران خان کیخلاف دائر کی گئی درخواست واپس لینے کی استدعا کی جس پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا کہ درخواست گزار اپنی درخواست واپس لینا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے کیس نمٹا دیا۔