براہمداغ کی پیشکش کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا‘ ناصر جنجوعہ
اسلام آباد (جاوید صدیق) قومی سلامتی کے لئے وزیراعظم کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ برہمداغ بگٹی نے بات چیت کی جو پیشکش کی ہے اس کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا۔ ایوان صدر میں گزشتہ رات اخبار نویسوں کے ایک گروپ سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب حالات کافی بہتر ہو رہے ہیں۔ بلوچستان کے علاقے میں جہاں حالات خراب ہیں بہت سے گروپ ہیں جو کوئٹہ میں آکر تخریب کاری کرتے ہیں تاکہ ان کی کارروائی کو زیادہ تشہیر ملے۔ ان سے پوچھا گیا کیا کچھ نقادوں کا خیال ہے کہ حال ہی میں جن فراریوں نے ہتھیار ڈالے ہیں ان کی زیادہ اہمیت نہیں تھی قومی سلامتی کے لئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ یہ غلط تاثر ہے۔ جن لوگوں نے ہتھیار ڈالے ہیں وہ شورش برپا کرنے والوں میں شامل تھے۔ ایک سوال کے جواب میں قومی سلامتی کے لئے مشیر نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ پڑوسی ممالک پیسہ لگا رہے ہیں اور ہتھیار فراہم کررہے ہیں۔