• news

لوڈشیڈنگ جاری، گیس کی بندش کیخلاف مظاہرہ، روڈ بلاک

لاہور + ملتان + اسلام آباد (نامہ نگاران + آئی این پی) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ملتان میں گیس کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے روڈ بلاک کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ جمعرات کو ملتان کے علاقہ حافظ جمال روڈ پر ہونے والے گیس لوڈشیدنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں مظاہرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سردی کے آتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کردیا گیا۔ دن اور رات کے دوران کئی کئی گھنٹے بجلی بند کئے جانے سے شہری پریشان رہنے لگے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا گیس کی لوڈشیڈنگ کر کے پنجاب کی ضروریات کو پورا کرنا پڑے گا، پنجاب میں گیس کی طلب بڑھ رہی ہے۔ وہ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی کو پورا کرنا اتنا آسان نہیں ہے۔ کم پریشر کے ذریعے گیس کی کمی کو پورا کرنا پڑے گا۔ گزشتہ 2 سال میں 8لاکھ نئے گھریلو کنکشن دیئے گئے، سب کو گیس 24گھنٹے مہیا کرنا ناممکن ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن