• news

بھارتی فائزنگ پر تشویش معاملہ آئندہ اجلاس میں اٹھائینگے

نیویارک (صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی وفد نے اقوام متحدہ کا دورہ کیا جہاں وفد نے ڈائریکٹر پیس کیپنگ مسٹر تھامس اور ڈائریکٹر پولیٹیکل آفیئرز ژیوئنگ ہوانگ سے ملاقات کی۔ وزیر اطلات سردار عابد نے ڈائریکٹر پیس کیپنگ مسٹر تھامس کو بتایا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے ذریعے سول آبادی کو نشانہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر معاہدے کے باوجود بھارتی فوج نے گزشتہ ایک سال کے دوران کنٹرول لائن پر ساڑھے چار سو مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور اس کی اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بچے، بوڑھے اور خواتین بنیں جبکہ کنٹرول لائن پر سول آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔ سکولوں اور ہسپتالوں کو نقصان ہوا جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے جہاں کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ مسٹر تھامس نے اس موقع پر وفد کو یقین دلایا کہ اقوام متحدہ کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ بھارتی فائرنگ پر تشویش ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے مشن کو رسائی نہیں دیتا جسکی وجہ سے وہاں کے حالات کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرمشن کے ساتھ پاکستان کا تعاون مثالی ہے اور ہم اس کو سراہتے ہیں۔ ڈائریکٹر پولیٹیکل آفیئرز کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے پارلیمانی وفد نے زور دیا کہ وہ کشمیر پر منظور ہونے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں تاکہ کشمیری عوام کو بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے نجات مل سکے۔

ای پیپر-دی نیشن