• news

بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ: پولیس‘ انتظامیہ غیر جانبدار رہے‘ شکایت ملی تو سخت کارروائی ہو گی: چیف الیکشن کمشنر

لاہور(نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولیس اور سول انتظامیہ غیرجانبدار رہے، کوئی شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں بھی پولیس پولنگ سٹیشنوں کے اندر موجود ہو گی جبکہ فوج باہر گشت کرتی رہے گی، الیکشن کا پرامن، شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتظامات کا جائزہ کے لیے لاہور میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سرداررضا خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں 12ا ضلاع کے ڈی سی اوز، ڈی پی اوز، آر اوز اور ڈی آر اوز نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب نے چیف الیکشن کمشنر کو سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔ چیف الیکشن کمشن سردار رضا خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں الیکشن کمشن شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا پابند ہے، الیکشن کمشن بلاخوف و خطر اپنی ذمہ داری پورے کرے گا، بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ بڑی کامیابی سے مکمل کیا اور امید ہے دوسرے مرحلے میں بھی انتخابی عمل احسن طریقے سے مکمل ہوگا۔ انہوں نے انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر پولیس کی نفری بڑھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے طریقہ کار سمیت پہلے مرحلے میں ہونے والے انتخابات میں بد انتظامی اور شکایات کا جائزہ لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے تمام پریذائڈنگ افسروں کو وقت پرالیکشن سامان پولنگ سٹیشن پہنچانے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے 11ہزار 869پولنگ سٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں 3 ہزار 112 کو حساس جبکہ 960پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمشن بابریعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انتخابات بھی پولیس کی نگرانی میں ہوں گے جس کے لئے ایک لاکھ اہلکار تعینات ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے فوج کی 40 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست دی ہے جو بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہو نگی انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنزکے گرد امن و امان کے تناظر میں پیٹرولنگ کی جائے گی۔ انتخاب جیتنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سختی سے منع ہوگی اس کے لئے ہر ضلع میں پولیس کی20سے 25ریزرو تعینات ہوں گی۔ پہلے مرحلے میں جن یونین کونسلز میں پولنگ منسوخ ہوئی تھی یا دوسرے یا تیسرے مرحلے میں منسوخ ہو گی ان تمام میں پولنگ بیک وقت دسمبر کے وسط میں ہوگی۔ پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون اورکیمرے لے جانے پر پابندی ہوگی تاہم صحافی پولنگ کے عمل کا جائزہ لے سکیں گے۔ پولنگ کے روز کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں،دوسرے مرحلے میں پولنگ کا وقت ساڑھے 5بجے تک ہی رہے گا، تیسرے مرحلے میں پولنگ ختم ہونے کا وقت 5بجے تک رکھنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 122 یا این اے 146 کی طرح بلدیاتی الیکشن میں ہر پولنگ سٹیشن پر فوج اور رینجرز تعینات نہیں ہوسکتی تاہم حساس اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر فوج کا گشت کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں 25 ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا امید ہے دوسرا مرحلہ بھی احسن طریقے سے مکمل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ادارے قائم رہتے ہیں۔ اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے طریقہ کار سمیت پہلے 12اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں بد انتظامی اور شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا، تاہم چیف الیکشن کمشنر نے تمام پریزائڈنگ افسروں کو وقت پرالیکشن سامان پولنگ سٹیشن پہنچانے کی ہدایت کی۔ دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ پولیس اہلکار اور فوج کی 40 کمپنیاں 12 اضلاع میں تعینات کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن