• news

بلدیاتی الیکشن: شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ‘ فیروزوالا میں جھگڑے‘ فائرنگ‘ 13 زخمی

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ سرگودھا (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی + نامہ نگار خصوصی) بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں انتخابی میٹنگز اور ریلیوں کے دوران لڑائی جھگڑے ‘ فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں آزاد امیدوار کی ریلی پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دونوں گروپوں کے 21 افراد کو حراست میں لیکر دو کلاشنکوفیں برآمد کر لیں۔ لدھیوالہ وڑائچ میں آزاد امیدوارد وارڈ نمبر 3 بشیر مہر کی حمایت میں پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں نے ریلی نکالی۔ اس موقع پر مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں نعرے بازی شروع ہو گئی اوردونوں نے ایک دوسرے پر کرسیوں سے حملہ کر دیا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا طارق کے حامیوں اشرف‘ منیر اور دلاور وغیرہ نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پیپلزپارٹی اور آزاد امیدوار کے حامی علی شہباز‘ نواز اور عبدالقادر زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لدھیوالا میں 2 گروپوں میں تصادم‘ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ فیروزوالا یونین کونسل نمبر 27 میں بلدیاتی امیدوار کی کارنر میٹنگ پر فائرنگ سے 2 افرادزخمی ہو گئے۔ پولیس نے آزاد امیدوار سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسری جانب سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار کے حامیوںمیں تصادم ہو گیا۔ جھگڑے کے دوران 8 افراد زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ کی یونین کونسل 47 چیچوکی ملیاں میں ایک جنازہ پر (ن) لیگ اور آزاد امیدوار کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی‘ ہاتھا پائی کے بعد فائرنگ سے علاقہ میں زبردست خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ پولیس تھانہ ہائوسنگ کالونی نے دونوں اطراف کے 80افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے 10 افراد کو گرفتارکر لیا ۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق چشتیاں کے گائوں 15 گجیانی کے وارڈ نمبر 29 میں ووٹ نہ دینے کی رنجش پر جیتنے والے امیدوار کے حامیوں کے تشدد کا نشانہ بننے والا تین بچوں کا باپ دم توڑ گیا۔دوسری طرف فاروق آباد میں حکومتی امیدوار کے جلسہ میں فائرنگ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ای پیپر-دی نیشن