سردی کے باعث زلزلہ زدگان بدستور مشکلات کا شکار، نوازشریف آج سوات جائینگے
گلگت+ اسلام آباد+ مانسہرہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغرنواز نے گزشتہ روز مالاکنڈ ڈویژن میں زلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ کیا جب کہ وزیراعظم نوازشریف آج بروز ہفتہ سوات کا دورہ کریںگے اور زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیں گے اور متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کریں گے جب کہ گلگت بلتستان، مانسہرہ، بٹ گرام ،کوہستان، ایبٹ آباد، ناران گلیات میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم اور شاہراہ کاغان بند ہوگئی ہے۔ کئی خاندان پھنس گئے جب کہ سرد موسم کے باعث زلزلہ زدگان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے اضلاع مانسہرہ، بٹ گرام، تورغر، اپر اور لوئر کوہستان، ایبٹ آباد، گلیات میں گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ناران کے قریب پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہِ کاغان اور اپر کوہستان میں ہربن نالے کے قریب شاہراہِ قراقرم ٹریفک کے لئے بند ہے جب کہ شاہراہ کاغان بند ہونے سے شہر کا رابطہ دوسرے علاقوں سے منقطع ہو گیا اور کئی خاندان پھنس کر رہ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں چئیرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز نے مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع تورغر، داسو، شانگلہ، سوات کے علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے کو تورغر کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر، ڈپٹی کمشنر کوہستان، کمشنر مالاکنڈ ڈویژن اور جنرل کمانڈنگ آفیسر/بریگیڈئر نے امدادی کاروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ چئیرمین این ڈی ایم اے کو بتایا گیا کہ اب تک متاثرہ علاقوں میں 44,642, ٹینٹ، 63,721کمبل، 9,794چٹائیاں، 1086.03ٹن خوراک کے پیکٹ، 22,000 ترپال، 14 ٹن پانی بوتلوں کی شکل میں، 49 صاف پانی کے پلانٹ 12جنریٹر سیٹس اور 27 ٹن دوائیاں متاثرین زلزلہ تک بھیجی جاچکی ہیں۔علاوہ ازیں میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف آج بروزہفتہ کوسوات کادورہ کریں گے، نوازشریف سوات میں زلزلہ متاثرین کی امداداوربحالی کے کاموں کاجائزہ لیکرمتاثرین میں امدادی چیک بھی تقسیم کریں گے،انہیں امدادی کاموں پرتفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔ خیبرپی کے کے ضلع اپر اور لوئر کوہستان کے زلزلہ متاثرین سرد ترین موسم میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔26اکتوبر کے زلزلے نے ضلع اپر اور لوئر کوہستان کے علاقوں میں تباہی مچائی ٗضلع اپر اور لوئرکوہستان میں زلزلے سے 80 فیصد مکانوں کو جزوی یا مکمل طورپر نقصان پہنچا۔