وہاڑی: خاتون نے آشنا سے ملکر شوہر اور ساس کو قتل کردیا، ملزمہ گرفتار
وہاڑی (نامہ نگار) بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر اور اس کی ماں کو سر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لیکر مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ اتفاق پروٹین فارم 555/EB کا منیجر منیر احمد اپنی بیوی رمضانہ مائی، والدہ امیراں مائی اور بچوں کے ہمراہ فارم میں اپنے گھر میں سویا ہوا تھا اس کی بیوی کے مبینہ آشنا انور سیال نے رمضانہ مائی اور فارم ملازم اللہ دتہ کے ساتھ مل کر منیر احمد کے سر میں گولی مار کر اسے قتل کر دیا۔ گولی کی آواز سن کر اسکی والدہ امیراں مائی بیدار ہوگئی اور اسے پہچان لیا جس پر انور سیال نے اس کے سر میں گولی مار کر اسے بھی قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔ گولی کی آواز سن کر دیگر ملازم اور اہل علاقہ بیدار ہوگئے اور پولیس کی اطلاع دی جس نے ملزمہ رمضانہ کو حراست میں لے کر دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ ملزمہ رمضانہ بی بی نے بتایا کہ اس کے پاکپتن کے موضع رنگ شاہ کے انور سیال نامی سے ناجائز تعلقات تھے اور دونوں شادی کرنا چاہتے تھے جس کیلئے انہوں نے مل کر منیر احمد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔