چمن: 2 دہشت گرد گرفتار، راولپنڈی میں 30 مشتبہ افراد پکڑے گئے
کوئٹہ + خیبر ایجنسی + راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں / نوائے وقت رپورٹ) فرنٹیئر کور بلوچستان نے چمن میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران دو دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل چمن اور گرد و نواح میں ایف سی کی جانب سے کارروائی کی گئی۔ ترجمان ایف سی کے مطابق 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا اور انکے قبضے سے 2 عدد ایس ایم جیز، 3 عدد چائنیز ایل ایم جیز، 2 راکٹ لانچر، گولے اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں اور دونوں ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ادھر ترجمان ایف سی نے کہا ہے کہ سوئی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور زیرزمین چھپایا گیا 8 کلو بارودی مواد اور ریموٹ کنٹرول بم برآمد کر لیا گیا۔ ادھر سرکاری ذرائع کے مطابق جمرود میں فائرنگ سے لیویز اہلکار زخمی ہو گیا۔علاوہ ازیں پیر ودھائی راولپنڈی میں سرچ آپریشن کے دوران 7 غیرملکیوں سمیت 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔