پاکستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر بھارتی حکومت ہماری نہیں سنتی: ڈاکٹر سبھاش گپتا
لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان سے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں مگر انڈین سرکار ہماری بات نہیں سنتی، ڈاکٹروں کو پاکستان آنے میں کوئی مشکلات نہیں صرف عام شہریوںکو مشکلات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھارت کے معروف لیور ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر سبھاش گپتا نے ایم ایم عالم روڈ کے نجی ہسپتال کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے معروف گیسٹرو انٹرولوجی فزیشنز ڈاکٹر افضل بھٹی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سبھاش گپتا نے کہا کہ پاکستان میں لیور ٹرانسپلانٹ کی صورتحال پہلے سے بہتر ہورہی ہے اسی کا جائزہ لینے کیلئے میںپاکستان آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں آپریشن نہیں کروں گا اور نہ ہی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رجسٹریشن کرانے کا خواہشمند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تو کوشش ہے کہ بھارت جاکر سرکارسے پاکستان سے تعلقات کی بہتری کی بات کریں اور حالات مزید بہتر ہوں۔ ہمیں پاکستان میں آکر کسی سیکیورٹی کی ضرورت نہیں۔شیخ زاید ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ کے مریضوں کی ہلاکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ زیادہ ہلاکتوں کی وجہ مریضوں کا آخری سٹیج پر پیوند کاری کروانا ہے، اگر بہتر صحت کے ساتھ جگر کی پیوند کاری کروا لی جائے تو زندگی بچانا آسان ہوتا ہے۔