اقبال ٹائون پولیس کے مبینہ تشدد سے جائیداد جھگڑا کیس کا ملزم جاں بحق‘ ورثائ‘ اہل علاقہ کا مظاہرہ
لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹائون پولیس کے مبینہ تشدد سے 50 سالہ شخص ہلاک ہو گیا جس پر ورثاء اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق اقبال ٹائون آصف بلاک کے رہائشی سلیم بٹ اور اس کے بھائی ریاض بٹ کے درمیان جائیداد کی تقسیم پر جھگڑا ہوا۔ ریاض بٹ نے فون کرکے پولیس بلا لی۔ پولیس کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے سلیم بٹ شدید زخمی حالت میں تھا جسے ہم نے گاڑی میں بٹھایا تو وہ دم توڑ گیا۔ ورثاء نے کہا ہے کہ پولیس نے ریاض بٹ سے ملی بھگت کرکے سلیم بٹ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے سلیم دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی جبکہ اس واقعہ پر سلیم بٹ کے ورثاء اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔