• news

پیرس حملے، کھیلوں کی سرگرمیاں معطل، جرمن فٹبال ٹیم نے رات سٹیڈیم میں گزاری

پیرس (سپورٹس ڈیسک/اے ایف پی) پیرس میں فرانس کی تاریخ کے بدترین حملوں کے بعد جرمنی کی فٹبال ٹیم نے فرانس کے ساتھ دوستانہ میچ کے بعد رات سٹیڈیم میں ہی گزاری۔ صبح ہونے پر ٹیم کو ان کے ہو ٹل پہنچا دیا گیا۔ جرمن ٹیم کے منیجر نے بتایا کہ کھلاڑی بہت غمزدہ تھے، معلومات واضح نہیں تھیں لہٰذا ہم سڑک پر ڈرائیونگ کرنے کا خطرہ مول لینا نہیں چاہتے تھے لہٰذا ہم نے ڈریسنگ روم میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا۔ فرانسیسی فٹبال فیڈریشن نے کہا ہے کہ حملے کے باوجود پرسوں ہونے والا فرانس اور برطانیہ کا دوستانہ میچ شیڈول کے مطابق ہو گا۔ پیرس ریجن میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔ آج بھی فٹبال سمیت کسی قسم کی کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں ہونگی۔ سٹاک ہوم میں یورو فٹبال لیگ کے میچوں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ سویڈن اور ڈنمارک کے درمیان فٹبال میچ کے دوران سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے۔ یورپین رگبی چیمپئنز کپ اور چیلنج کپ کے سلسلہ میں آج میچز بھی نہیں ہونگے۔ انگلینڈ کی انڈر 20 فٹبال ٹیم بھی وطن واپس چلی گئی۔برطانیہ کے سابق فٹبالر اور کپتان ڈیوڈ بیکھم نے کہا کہ پیرس کی صورتحال پر دعا کی جائے۔ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ریال میڈرڈ کے فٹبالر گریتھ بیل نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پیرس کے ساتھ ہیں۔ فرانس کی سابق ومبلڈن چیمپئن ایملی موریسمو نے کہا کہ صورتحال ناقابل بیان ہے، ہم غم سے نڈھال ہیں۔بہت صدمہ پہنچا ہے۔ اولمپک چیمپئن جمیکا کے یوسین بولٹ اور فارمولہ ون چیمپئن لیوس ہملٹن نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کیلئے دعا کی جائے۔ فارمولہ ون گورننگ باڈی متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج تقریب کا انعقاد کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن