• news

پاکستان کی ترقی کیلئے اقتصادی راہداری کی جلد تکمیل چین کی خواہش ہے: چینی سفیر

کراچی (آن لائن)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن وائی دونگ نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کی جلد از جلد تکمیل چین کی خواہش ہے تاکہ دوست ملک پاکستان کی ترقی کا سفر تیز کیا جا سکے۔ پاکستان راہداری کے منصوبہ میں بھرپور تعاون اور مکمل سکیورٹی فراہم کر رہا ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ راہداری منصوبہ پر کام کرنے والے چینی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں سے قریبی روابط قائم کرنا چاہتی ہیں جسکے لئے مقامی چیمبروں کی مدد درکار ہے۔ چین کے سفیر نے یہ بات اسلام آباد چیمبر فائونڈر گروپ کے چئیرمین اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار عبدالرئوف عالم سے ایک تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔ چین کے سفیر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کا ایف پی سی سی آئی کے ذریعے مقامی کمپنیوں اور کاروباری برادری سے رابطہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن