دہشت گردی کا خدشہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن
لاہور‘ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے شہر کے داخلی‘ خارجی راستوں کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کر دی۔ حیدر اشرف کے مطابق سرچ آپریشن میں رہائشیوں کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔گرجا گھروں سے ملحقہ شاہراہوں پر فلیگ مارچ کیا گیا۔ شہر میں داخل ہونے والی ہر گاڑی اور موٹرسائیکل کو چیک کیا جائے اور شہر بھر میں مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حسن ابدال شہر میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 4 مشکوک افغانی حراست میں لے لئے۔ سرچ آپریشن کے دوران 146 افراد کے کوائف اکٹھے کئے گئے۔