ریلوے کو ٹھیک کرنے کیلئے بھارت کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں: سعد رفیق
لاہور (سٹاف رپورٹر+ کلچرل رپورٹر) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کو ٹھیک کرنے کیلئے ہندوستان کو دیکھنے کی ضرورت نہیں بہت سے ایسے اقدام کئے ہیں جو ابھی تک ہندوستان ریلوے میں نہیں ہوئے ۔ قراقرم ایکسپریس نومبر کے اختتام تک ’’اپ گریڈ‘‘ کردی جائے گی جبکہ نئے نام اور نئی کمپوزیشن کے ساتھ بزنس ایکسپریس کا آغاز دسمبر کے آخر تک ہوجائے گا۔ کراچی ایکسپریس کی اپ گریڈیشن بھی سالِ رواں کے اختتام تک ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں سروس سٹرکچر اور نئے لیبر پیکج کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔ وہ گذشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔قبل ازیںایکسپو سنٹر لاہور میں زمین ڈاٹ کام کے زیر اہتمام پراپرٹی ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ زمین پاکستان ریلوے نے 27 سال پہلے کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کو لیز پر دی تھی اگر اس زمین کا این او سی نہیں لیا گیا تو پھر لیز کینسل ہو سکتی ہے۔ قبل ازیں پراپرٹی ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد انہوں نے کہا کہ میں مون گارڈنز بلڈنگ کے مکینوں کی بیدخلی کے حق میں نہیں ہوں۔ البتہ جن لوگوں نے فراڈ کیا ہے انہیں پکڑا جانا چاہئے۔