پاکستان‘ تاجکستان 3سال میں باہمی تجارت 50 کروڑ ڈالر تک لے جائینگے
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور تاجکستان نے تین سال میں باہمی تجارت 50 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ تاجک صدر امام علی رحمان کے دو روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کی مزید تفصیل کے مطابق صدررحمان نے مختلف شعبوں خاص طور پر سفارتی اور دفاعی شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کے لئے پاکستان کی فراح دلانہ پیشکش کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے تاجکستان کی فضائی کمپنی کو دوشنبے سے لاہور، اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد اور کوئٹہ کے روٹس پراپنی پروازیں شروع کرنے کی اجازت دینے کا خیرمقدم کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطے جلد شروع ہونے کی امید ظاہر کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے تاجکستان کو تجارت کے لئے پاکستان کی بندرگاہیں استعمال کرنے کی پیشکش دہرائی۔