• news

دین کے بغیردنیا گزارنے والاہمیشہناکام رہے گا تبلیغی اجتماع میں بیان

رائیونڈ (نامہ نگار) رائے ونڈ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلہ کے دوسرے روز فرزندانِ اسلام دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں پنڈال میں جمع ہوکر اپنے گناہوں کی توبہ کرتے رہے۔ دین کی رسائی حاصل کرنے کیلئے جمع ہونے والوں کو مولانا محمد یعقوب، مولانا جمشید، مولانا طارق جمیل، مولانا احسان اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا جو دین کے بغیر دنیا گزارے گا ہمیشہ ناکام رہے گا، یہاں پنڈال میں گھر بار کاروبار بیوی بچے چھوڑ کر خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے جمع ہونے والوں انسان ماں کے پیٹ سے آکر قبر کے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے، قبر کے عذاب سے بچنے کیلئے! حضور اقدسؐ نے قسم کھا کر فرمایا اُمت محمدیہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکرکرتے رہو ورنہ اللہ تعالیٰ اپنا عذاب تم پر مسلط کردیگا پھر تمہاری دعائیں بھی قبول نہیں ہوںگی، اللہ تعالی کے سوائے کوئی بھی تمہارا مدد گار نہیں ہوگا، یہ دنیا فانی ہے، عارضی زندگی اور آخرت کی زندگی ہمیشہ کیلئے ہے، ظالموں کوظلم کے روکتے رہو اور حق کی طرف کھینچ کرلاتے رہو ورنہ تمہارے قلوب بھی اسی طرح خلط کردئیے جائیں گے جس طرح ان ظالموں کے کردئیے ہیں، تم بہترین امت ہو لوگوں کی نفع رسانی کیلئے نکالے گئے ہو، تم لوگ نیک کام کا پرچار کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہو اللہ تعالی پر پختہ ایمان رکھتے ہو اللہ تعالیٰ کا انسان کو پیدا کرنے کا مقصد بھی اپنے احکامات کی پیروی کرنا ہے اور اسکو اگے پھیلانا چونکہ انسان اشرف المخلوق ہے، اپنے قول فعل کا خودمختار ہے، دنیا میں حلال کماکر خود کھاؤ اور بچوں کو کھلاؤ اللہ تعالیٰ کے دین اور محمدؐ کے بتائے ہوئے راستوں پر چلے گا تو جنت اس کا مقدر ہوگا، دنیا میں دین سے دوری سے گناہوں کی دلدل میں دن بدن پھنستا گیا تو جہنم کی آگ میں جلنا اسکا نصیب ہوگا، جہنم کی آگ سے چھٹکارہ گناہوں سے توبہ برے کاموں سے نجات لاالہ الا اللہ کے ذکر میں ہے چونکہ دین کا سارا دارمدار کلمہ شہادت اور اسلام کی جڑ کلمہ طیبہ ہے اسلئے لاالہ الا اللہ کا وردخود بھی کرو اور دوسروں کو بھی پڑھاؤ خود بھی نماز کی پابندی کرو اور اپنے اہل خانہ کو بھی پابند بناؤ، گلی کوچوں میں پھیل کر نیک کاموں کی دعوت اور نماز کی پابندی کی تلقین کرو، برے کاموں سے ہٹا کر نیک کاموں کی طرف راغب کرو، یہی امر باالمعروف اور نہی عن المنکر ہے تاکہ اللہ تعالیٰ تم پر مصیبتوں کے ٹوٹنے والے پہاڑوں کا خاتمہ کرکے اپنی رحمت اور فضل نازل فرمائے۔ آج بروز اتوار کی صبح 8 بجے اختتامی دعا ہونے کے ساتھ دس روزہ تبلیغی اجتماع اختتام پذیر ہوجائیگا۔ حسب روایت اس بار بھی امیر جماعت مولانا عبدالوہاب نے تبلیغی مرکز سے فارغ ہونے والے طالب علموں کے تقریباً 300 جوڑوں کے گھر آباد کرنے اور نادار یتیم بے سہارا بچیوںکو جہیز کیساتھ انکے نکاح پڑھوا کر اپنی سرپرستی میں رخصت کیا۔ محکمہ ریلوے نے زائرین کی سہولت کیلئے سپیشل ٹرینیں چلائی ہیں۔ پولیس او ر حساس اداروں نے دہشت گردی کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے۔ اختتامی دعا میں خواتین سمیت تقریباً پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے پنڈال میں خطاب کرتے ہوئے کہا اللہ اور نبیؐ کے بتائے راستے پر چلنے سے دنیا اور آخرت میں کامیابی ہوگی، دنیاوی کاموںکے ساتھ دعوت تبلیغ کیلئے بھی نکلیں، نیکی پھیلائیں اور برائی سے بچیں۔ دن میں چار نشستیں ہوئیں جن میں مولانا طارق جمیل اور مولانا ظہیر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا دین کی سمجھ بوجھ کیلئے دین کے ماحول کو اپنانا ہوگا۔ اس پر یہ ذمہ داری آن پڑی ہے وہ کلمہ کی محنت کو عام کرے۔

ای پیپر-دی نیشن