مہندایجنسی :بم دھماکہ اہلکار سمیت 2 جاں بحق تربت میں فوجی قافلے پرحملہ 3 زخمی
مہمند ایجنسی، تربت، کوئٹہ (آن لائن + آئی این پی، صباح نیوز) مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں خاصہ دار فورس کے اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والا راہگیر ذاکر ولد عثمان تھا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ تربت میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے سے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقہ تمپ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی تباہ ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز کا قافلہ تربت سے تمپ جا رہا تھا کہ اسے تمپ کے قریب سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔ بم کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ اڑایا گیا۔ نوشکی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے راکٹ لانچر سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایف سی کی جوابی کارروائی سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔ گزشتہ روزکوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر ایف سی اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ جوائنٹ روڈ بروری روڈ کراس پر واقع ایف سی چیک پوسٹ میں رات گئے نامعلوم دہشت گردوں نے چھوٹے واٹر کولر میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کرکے رکھ دیا ۔ جونہی ایف سی کے اہلکار ڈیوٹی پر آئے تو دیکھا چیک پوسٹ میں مشکوک واٹر کولر پڑا ہے ۔ اہلکاروں نے فوری طور پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا جس نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ بم کا وزن 5 کلو تھا ۔ پولیس کا کہنا ہے یہ پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوتا۔