لاہور ملتان موٹر وے لیسکو آئسکو کیلئے سمارٹ میٹرنگ سمیت 220 ارب کے منصوبے منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے لیسکو اور آئیسکو سمارٹ میٹرنگ‘ انفراسفرکچر منصوبے‘ نئے تعمیر کئے جانے والے اسلام آباد ایئرپورٹ کی اراضی کے حصول‘ سڑکوں کی تعمیر‘ سندھ میں سڑکوں کی بہتری اور لاہور تا ملتان ایم تھری موٹروے منصوبے کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایکنگ اجلاس۔ اجلاس میں مجموعی طورپر 220 ارب روپے کے 5 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق لاہور اور ملتان کے درمیان 230 کلومیٹر طویل موٹروے بنے گی۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ملانے والی سڑکوں کے نیٹ ورک‘ زمین کے حصول اور متعلقہ کام پر 5.45 بلین روپے لاگت آئیگی جبکہ سڑکوں کا نیٹ ورک 4 مراحل میں بنے گا جس پر 11.2 بلین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ آئیسکو اور لیسکو کیلئے ایڈوانسٹڈ میٹرنگ انفراسفرکچر منصوبے میں صارفین کیلئے اطلاعات و بلنگ کا نظام شامل ہے۔ آئیسکو کے متعلق مصنوبے کی لاگت 18.6 بلین روپے اور لیسکو کیلئے 30.59 بلین روپے ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس میں بتایا اس سے دونوں کمپنیوں کا لوڈ کنٹرول اور لوڈ مینجمنٹ میں بہتری آئیگی۔ منصوبے کے تحت نظام قائم کرنے سے لوڈشیڈنگ کم ہوگی کیونکہ زیادہ استعمال کے اوقات میں لوڈ سنبھالنی کیلئے متبادل نظام میسر آجائے گا۔ سندھ میں سڑکوں کی بہتری کے منصوبے پر 22.7 بلین روپے لاگت آئے گی۔اس منصوبے کے تحت کشمور‘ کندھ کوٹ‘ لاڑکانہ‘ سانگھڑ‘ ٹنڈو آدم‘ میرپورخاص‘ ٹنڈو محمد خان اور بدین کے علاقوں میں 329 کلومیٹر سڑکیں بہتر بنائی جائیں گی۔ لاہور ملتان موٹروے کے لاہور عبدالحکیم سیکشن کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ 6 لین کی 230 کلومیٹر طویل موٹروے بنے گی جو عبدالحکیم‘ پیر محل‘ سمندری‘ گوجرہ‘ تاندلیانوالہ‘ شیخوپورہ‘ ننکانہ صاحب کو لاہور سے منسلک کریگی۔ اجلاس میں داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے زمین کے حصول کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔