• news

ہمارے جلسے دیکھ کر کسان پیکجکا اعلان کیا گیا پنجاب میں بلدیاتی الیکشن بری طرح ہارے :عمران

اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت نیوز) عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن بری طرح ہارنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بڑے جلسے دیکھ کر نوازشریف نے کسان پیکیج کا اعلان کیا، بزدل آدمی کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی ٹو پارٹی سسٹم توڑ کر وفاق کی جماعت بنی۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں عمران نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا انکا کہنا تھا کہ جب نوازشریف نے دیکھا کہ عمران بڑے جلسے کر رہا ہے تو سوچا کیوں نہ کسان پیکیج کا اعلان کردوں۔ لیڈر وہ ہے جو فیصلے اپنی ذات کیلئے نہ کرے۔ عمران خان نے تسلیم کیا کہ پنجاب میں بری طرح بلدیاتی الیکشن ہار گئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی زنجیر بنے گی بعض جماعتوں میں صرف انا اور کرسی کیلئے لڑائیاں ہو رہی ہیں۔ کبھی دھرنے اور کبھی جوڈیشل کمشن میں پھنسے رہے تاہم دھرنا بھی اہم تھا۔ ملٹری آپریشن پر بات کرنے پر بڑے بڑے مضمون سننے پڑے، عمران خان ملٹری آپریشن کے خلاف ہے۔ بُرے وقت میں ہر کوئی مشورہ دینے لگ جاتا ہے۔ ٹھیک ہے جس نے مشورہ دینا ہے دے لیکن پہلے چندہ دے۔ عمران نے کہا کہ نانا کی تصویر لگانے سے لیڈر نہیں بنا جاتا، طالبان سے مذاکرات کی بات پر مجھے طعنے دئیے گئے، آج دنیا مذاکرات کے حق میں ہے لیکن طالبان اس پر تیار نہیں ہیں۔ حکمران اقتصادی راہداری کا بڑا روٹ پنجاب سے گزارنا چاہتے ہیں۔ 2018ء کے انتخابات میں مہم چلانے کی ضرورت نہیں، لوگ کام دیکھ کر ووٹ دینگے تاہم الیکشن سے قبل وزیراعظم کسی بھی وقت سیاسی خودکشی کرسکتے ہیں۔ عمران نے کہا کہ وزیراعظم بنے بغیر عزت ملی، حکومت انکی پیروی کرتی ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان 2 روزہ دورے پر آج میانوالی جائیں گے۔ وہ موسیٰ خیل، کندیاں، خان گاہ پل، پپلاں، حافظ والا میں خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن